نایافت کا سفرنامہ از ڈاکٹر ریاض مجید

نایافت کا سفرنامہ

ہم تجسس کے تپتے بیاباں کے جُھلسے پرندے
عجب ان گنت موسموں میں آڑے
ماسوا کے تعاقب میں نکلے، پہ ہر بار خالی نگاہیں لیے مرجعِ ہست کی سَمت ناکام لوٹے
گدلے پانی کی گہرائی میں جانے کیا کچھ ہے، کیا کچھ نہیں
کون کس طرح جانے؟
مدتوں ہم رہے ہیں خلاؤں میں گرمِ سفر
پَر اُچٹتی نگاہوں کی ڈھیلی گرفت آج بھی ہست کے ابرپاروں کے پیچھے کی ہر چیز سے بے خبر ہے
(سچ تو یہ ہے کہ آنکھوں سے نایافت کی کھوج بھی اک خسارے کی سوداگری ہے!)

نہ جانے وہ کیا چیز تھی
جس کی خاطر زمینِ بدن سے نکلنے کا الزام بھی اپنے سر پر لیا؟
پہاڑوں کے اُس پار __ دریاؤں کی اوٹ میں کس جگہ پر وہ کیا تھا
کہاں پر تھی وہ سرزمیں جس کی مٹی میں میرے لیے معجزے تھے؟
جہاں کے سبھی مرد اچھے، سبھی عورتیں نیک تھیں
کہاں ہے وہ بستی؟ کہاں پر تھا کیا؟
جس کی خاطر شب و روز تنہائیوں کے اجنتا میں خوں رنگ خاکے بناتے رہے
سوچتے تھے
کبھی سالہا سال کی اس ریاضت کا پھل گر اکٹھا ملا تو
سمجھ لیں گے جینے کی محنت ٹھکانے لگی!

اے ازل سے پریشاں ہوا،
شہرِ نایافت کے راستوں کی اکیلی مسافر!
ہمارا الم سُن!
کہ ہم ہر گھڑی مسخ ہوتی شباہت لیے خود کو یوں دیکھتے ہیں
کہ جیسے کوئی بُھولی بِسری ہوئی روح صدیوں کے بعد اپنے ویران گھر کی طرف لوٹ کر آئی ہو
اور فراموش دہلیز پر جا چکے موسموں کی اُگی، بے رُکی
پھیلتی گھاس میں دب چکے اپنے پیاروں کے نقشِ قدم ڈھونڈتی ہو

نظر کی پہنچ میں نہ آتے ستاروں سے پُھوٹی ہوئی روشنی
کیا خبر کس قدر نُوری سالوں میں جاں کے اندھیروں تک آئے!
محاذِ تجسّس سے پسپائی پر جو نگاہوں نے دیکھا
کسے علم وہ کتنی صدیوں میں تحریر سے آشنا ہو؟
عادتاً ہم سخن زار خالی ورق پر جُھکے ہیں!
لکھیں کیا؟ کہیں کیا؟
تجسّس کے عالم میں دیکھا ہوا ہر پراسرار منظر،
گھنے برگدوں کی زمیں چُومتی بوڑھی شاخوں سے چھنتی ہوئی
واہمہ روشنی ہے

(ڈاکٹر ریاض مجید)

Comments

Popular posts from this blog

میں ‏نے ‏اکثر ‏یہ ‏سوچا ‏یے ‏از ‏یوسف ‏خالد

اداسی ‏ترک ‏کر ‏دو ‏اب ‏از ‏منان ‏قدیر ‏منان

ردیف، ‏قافیہ، ‏بندش، ‏خیال، ‏لفظ ‏گری ‏از ‏شہزاد ‏قیس