تاریخ کیا ہے؟ __ ایک نقطۂ نظر

تاریخ ایک ایسی طوائف ہے جو زور آور زمینی خداؤں کے آنگن میں رقص کرتی ہے. آسمانی خداؤں کی خواہشوں کے مطابق ڈھلتی جاتی ہے. یہ دروغ گوئی، تعصب، تنگ نظری اور بے ایمانی سے گوندھی ہوئی ایسی مٹی ہے جسے تکبر، عروج اور تخت شاہی کے تابع چاک پر چڑھا کر ہر نسل اور ہر الوہی عقیدہ اپنی من مرضی کا کوزہ تخلیق کرتا ہے اور پھر اُس کوزے کو سینے سے لگانے والے اُس میں گنگا جل اور نہ ٹھہرنے والے پانیوں کی نمی محسوس کرتے اپنے آپ کو دنیا بھر سے افضل قرار دیتے ہیں اور یہ کوزہ منطق اور دلیل کی ہلکی سی آنچ سے ہی ڈھے جاتا ہے؛ لیکن وہ احتیاط کرتے ہیں منطق اور دلیل کا سایہ بھی اپنے ڈھالے ہوئے تاریخ کے کوزے پر پڑنے نہیں دیتے..

تاریخ گھڑی جاتی ہے۔
یہ خوابوں، سرابوں، نسلی امتیاز اور عقیدوں کے تنکوں سے تعمیر کردہ ایک ایسا گھونسلا ہے جس کی تعمیر میں خرابی مضمر ہے اور تم سب ان گھونسلوں میں روپوش اپنے آپ کو محفوظ سمجھنے والے پرندے ہو، نہیں جانتے کہ تم سے پہلے بھی ایسے گھونسلے اقوام اور مذاہب نے تعمیر کیے جو زمانوں نے خس و خاشاک کر دیئے.. گہرے سمندروں کی عمیق گہرائیوں کی تہہ میں تاریخ، ایک ایسا کھلا ہوا آبی پھول ہے جسے اگر آپ سطحِ آب پر لے آئیں تو وہ حقائق اور منطق کی کڑی دھوپ کی تاب نہ لا کر ایک کچے کُوزے کی مانند ڈھے جائے گا، تحلیل ہو کر پانی ہو جائے گا۔ آپ خالی ہاتھ رہ جائیں گے۔ تاریخ ، تاریخ کا سب سے بڑا فریب ہے.

Comments

Popular posts from this blog

The Romantic Poet

میں ‏نے ‏اکثر ‏یہ ‏سوچا ‏یے ‏از ‏یوسف ‏خالد

اداسی ‏ترک ‏کر ‏دو ‏اب ‏از ‏منان ‏قدیر ‏منان